اوکاڑہ: محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل، ماسٹر پلان جاری

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے) محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے اوکاڑہ پولیس نے جامع سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں جبکہ ضلع بھر میں سکیورٹی ماسٹر پلان نافذ کر دیا گیا ہے ترجمان اوکاڑہ پولیس کے مطابق یکم محرم الحرام سے یوم عاشورہ تک ضلع بھر میں مجموعی طور پر 815 پروگرام منعقد ہوں گے جن میں 176 جلوس اور 639 مجالس شامل ہیں۔ان پروگرامز کی سکیورٹی کیلئے 2600 سے زائد پولیس افسران و اہلکار، والنٹیئرز، سول ڈیفنس رضاکار اور ایلیٹ فورس کے جوان فرائض سرانجام دیں گے ترجمان نے بتایا کہ جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے چار لیئر سکیورٹی سسٹم نافذ کیا گیا ہے جبکہ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات کی چیکنگ سنیفر ڈاگز اور جدید ٹیکنیکل آلات کی مدد سے کی جائے گی۔ مزید برآں امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے سکیورٹی کے تمام امور کی مؤثر نگرانی اور مانیٹرنگ کیلئے ڈی پی او آفس اوکاڑہ میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے فعال رہے گا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے واضح کیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی نئے جلوس یا نئی مجلس کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر، اسلحہ کی نمائش، وال چاکنگ، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور لاؤڈسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ڈی پی او اوکاڑہ نے شہریوں، منتظمین مجالس و جلوس اور امن کمیٹیوں کے اراکین سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں

مزید خبریں

Back to top button