تھرپارکر:تھرکول بلاک ون کے متاثرین کا سندھ ریسورسز کول کمپنی کیخلاف احتجاج، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرکول بلاک ون کے متاثرہ گاؤں وروائی کے رہائشیوں نے سندھ ریسورسز کول کمپنی کے خلاف پریس کلب اسلام کوٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت سبحان لنجو اور ریاض لنجو نے کی، جبکہ بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بلاک ون میں مختلف پالیسیوں اور قواعد و ضوابط کے نفاذ کے دوران مقامی متاثرین کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ بااثر اور من پسند افراد کو مالی فوائد اور دیگر مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔
احتجاجی شرکاء کا کہنا تھا کہ گاؤں وروائی کے اصل متاثرہ خاندان آج بھی معاوضوں اور اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، جبکہ بعض غیر مقامی افراد کو وروائی کا رہائشی ظاہر کرکے ادائیگیاں کی گئی ہیں۔
مظاہرین کے مطابق متاثرین کی فہرستیں منظر عام پر نہیں لائی جا رہیں اور سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے مستحق افراد کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام معاملات کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقیقی متاثرین کو ان کے جائز حقوق اور معاوضے فراہم کیے جا سکیں۔
احتجاجی مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



