بیٹنگ کرتے ہوئے 38 سالہ بھارتی نژاد کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

دبئی(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں مقیم 38 سالہ بھارتی نژاد کرکٹر محمد سفوان شانو کرکٹ میچ کے دوران اچانک گر کر انتقال کر گئے۔

رپورٹس کے مطابق سفوان شانو اتوار کی صبح معمول کے ہفتہ وار کرکٹ میچ میں بیٹنگ کر رہے تھے کہ اچانک زمین پر گر پڑے اور بے ہوش ہو گئے۔ ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر انہیں ابتدائی طبی امداد دی اور ایمبولینس طلب کی، تاہم اسپتال منتقل کرنے پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

قریبی دوست نبیل کے مطابق میچ کے دوران وہ مکمل طور پر صحت مند دکھائی دے رہے تھے اور کسی قسم کی بیماری کے آثار موجود نہیں تھے۔

محمد سفوان شانو گزشتہ 15 برس سے دبئی میں مقیم تھے اور مختلف مقامی کرکٹ ٹیموں کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ کپتانی بھی کر چکے تھے۔ وہ کئی ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی پر انعامات بھی حاصل کر چکے تھے۔

ان کے دوستوں نے انہیں ایک باصلاحیت کرکٹر اور انتہائی خوش اخلاق انسان قرار دیا ہے، جو کھیل اور لوگوں سے محبت کے لیے جانے جاتے تھے۔

سفوان شانو کا تعلق بھارتی ریاست کرناٹک کے علاقے بھٹکل سے تھا۔ وہ اپنے پیچھے اہلیہ، تین بیٹے اور چار ماہ کی ایک بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔

ان کی اچانک وفات پر اہل خانہ بھارت سے دبئی پہنچ گئے، جہاں ان کی آخری رسومات میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button