یمن کے قریب کنٹینر جہازپرمسلح افراد کاحملہ،فائرنگ کے بعدجہازپرچڑھنے کی کوشش

صنعا(جانوڈاٹ پی کے)یمن کے جنوبی ساحل سے14ناٹیکل میل دور بحیرہ عرب میں ایک تجارتی کنٹینر جہاز پر ایک چھوٹی کشتی (اسکف) میں سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرنے کے بعد جہاز پر چڑھنے کی کوشش کی۔ برطانوی ادارےUKMTO کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کنٹینر جہاز نے اطلاع دی کہ ایک چھوٹی کشتی اس کے قریب آئی جس میں موجود افراد نے جہاز پر فائرنگ کی اور اس پر سوار ہونے کی کوشش کی۔تاحال اس واقعے میں کسی قسم کے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حملہ آور جہاز میں چڑھنے کی کوشش میں ناکامی کا سامنا کرنے کے بعد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے واپس چلے گئے۔اب تک کیس گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم فوری طور پر حملہ آوروں کی شناخت، ان کے مقاصد یا کسی جانی نقصان کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔برطانوی بحری ادارے نے علاقے سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کو محتاط رہنے، حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔بحری سلامتی سے متعلق اداروں کا کہنا ہے کہ یمن اور خلیج عدن کے اطراف کے سمندری راستوں میں حالیہ مہینوں کے دوران اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔چند روز قبل بھی یمن کے جنوب مغرب میں ایک مال بردار جہاز کے قریب مسلح افراد پر مشتمل کشتی آئی تھی، جس کے بعد دونوں جانب فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور حملہ آور فرار ہو گئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button