ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی ہدایات پر کتے کے کاٹے ہوئے مریض نظیراحمدکا گھر جاکر معائنہ

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی ہدایات پر کتے کے کاٹے ہوئے مریض نظیر احمد عثمان جونیجو کے علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بدین ڈاکٹر زاہد حسین سولنگی کو سختی سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی، جس کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بدین ڈاکٹر وسیم عباس خواجہ روزانہ کی بنیاد پر مریض کے گھر پہنچ کر علاج کی نگرانی اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں اس دوران مریض کو انڈس اسپتال بدین میں اینٹی ریبیز ویکسین (ARV) اور اینٹی ریبیز سیرم (ATS) لگایا گیا۔ ڈاکٹر وسیم عباس خواجہ نے مریض کے اہل خانہ سے مزید بہتر علاج کے سلسلے میں رابطہ کیا، تاہم نظیر احمد کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ علاج کی غرض سے ایک درگاہ پر گئے تھے جہاں انہیں چالیس دن تک مخصوص ہدایات پر عمل کرنے اور دیگر علاج یا کھانے پینے سے پرہیز کرنے کا کہا گیا تھا اس موقع پر ڈاکٹر وسیم عباس خواجہ نے مریض کے اہل خانہ کو سمجھایا کہ طبی علاج جاری رکھنا انتہائی ضروری ہے، بصورت دیگر مریض کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ کافی سمجھانے بجھانے کے بعد مریض کے اہل خانہ علاج جاری رکھنے پر رضامند ہو گئے ڈاکٹر وسیم عباس خواجہ نے بتایا کہ مریض کا علاج لمس حیدرآباد میں بھی کروایا گیا تھا جہاں اس کے تمام ضروری ٹیسٹ کیے گئے، تاہم اہل خانہ مریض کو بغیر اطلاع دیے واپس بدین لے آئے اور دوبارہ مذکورہ درگاہ پر چلے گئے 15 جون 2026ء کو ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی ہدایات پر ڈاکٹر وسیم عباس خواجہ نے ایک مرتبہ پھر مریض کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں مزید علاج کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کل انڈس اسپتال بدین میں ریبیز کے ماہر ڈاکٹر بھی آئیں گے جو مریض کا تفصیلی معائنہ کریں گے علاوہ ازیں ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس کے انچارج کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ نظیر احمد جونیجو کو کسی بھی وقت ایمبولینس کی ضرورت پیش آئے تو فوری طور پر ایمبولینس فراہم کی جائے تاکہ مریض بروقت اسپتال پہنچ کر اپنا علاج جاری رکھ سکے



