آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر ن لیگ کا مؤقف: انتخابات مؤخر کرنے کی حمایت نہیں کریں گے

مظفر آباد(ویب ڈیسک) آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتخابات اور انتظامی فیصلوں پر اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔

صدر ن لیگ آزاد کشمیر سردار شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال سب کے سامنے ہے اور جماعت خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابات مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ ن لیگ اس مؤقف سے اتفاق نہیں کرتی۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی کی مدت 3 اگست تک ہے اور آئینی طور پر 4 اگست سے پہلے انتخابات کرانا ضروری ہیں۔

شاہ غلام قادر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 5 جون کو انتخابی شیڈول جاری کیا تھا اور اس میں مزید تاخیر ممکن نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ممکنہ طور پر غلط بریف کیا گیا ہے، تاہم ن لیگ آزاد کشمیر انتخابات میں کسی بھی قسم کی تاخیر کی حمایت نہیں کرے گی۔

پریس کانفرنس میں ایکشن کمیٹی سے متعلق نوٹیفکیشن کے معاملے پر بھی بات کی گئی، جس میں ن لیگ رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس فیصلے پر پیپلز پارٹی نے ان سے مشاورت نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی نے یہ فیصلہ مشاورت سے کیا ہوتا تو ذمہ داری مشترکہ ہوتی، تاہم اب اس فیصلے کی ذمہ داری بھی اسی جماعت پر عائد ہوتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button