عمران خان کی ہسپتال منتقلی پر سیاسی ردعمل تیز،شفیع جان کا سخت مؤقف سامنے آگیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے بانی پی ٹی آئی عمرن خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے حکومت پر شفافیت نہ اپنانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

شفیع جان کے مطابق عمران خان کو رات کے وقت خفیہ طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا اور اس دوران نہ ان کے اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی ذاتی معالجین کو رسائی دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ شام کے بعد قیدی کی منتقلی جیل مینوئل کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے، اور حکومت کو چاہیے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق تمام معلومات عوام اور اہلِ خانہ کے سامنے شفاف انداز میں رکھے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر ان کی فیملی کے مطالبے کے مطابق شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان سے ملاقات کا حق بحال کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان گزشتہ کئی ماہ سے مبینہ طور پر قید تنہائی میں ہیں، جو ان کے بقول سیاسی انتقام اور خوف کی علامت ہے۔

شفیع جان نے ماضی کے سیاسی رہنماؤں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مختلف ادوار میں دیگر سیاسی شخصیات کو علاج کے لیے ریلیف دیا گیا، جبکہ عمران خان کو بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی صحت اور علاج سے متعلق تمام حقائق فوری طور پر سامنے لائے جائیں تاکہ افواہوں کا خاتمہ ہو سکے۔

مزید خبریں

Back to top button