درآمدی گاڑیوں پر بڑھائی گئی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی مسترد، موٹر ڈیلرز کے تحفظات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ میں درآمدی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد نے کہا ہے کہ درآمدی گاڑیوں پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو سابقہ سطح پر واپس لایا جائے اور گاڑیوں کے بیگج اسکیم کو بھی بحال کیا جائے۔

ان کے مطابق 2000 سی سی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 30 فیصد سے بڑھا کر 70 فیصد جبکہ 3000 سی سی گاڑیوں پر 40 فیصد سے بڑھا کر 81 فیصد کر دی گئی ہے، جس سے درآمدی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

ایچ ایم شہزاد کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی میں غیر معمولی اضافے سے آٹو موبائل مارکیٹ، کاروباری سرگرمیوں اور صارفین پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آٹو سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر پالیسی پر نظرثانی کی جائے۔

موٹر ڈیلرز کے مطابق بیگج اسکیم کی بحالی اور ٹیکسوں میں توازن سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ صارفین کو بھی بہتر انتخاب اور نسبتاً مناسب قیمتوں پر گاڑیاں دستیاب ہو سکیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button