کراچی کے علاقے ہوا گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلہ، زخمی سمیت 4 ملزمان گرفتار، ایک فرار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)ضلع غربی کے علاقے ہوا گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ترجمان ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق تھانہ اقبال مارکیٹ کی حدود میں پولیس نے مشتبہ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت محمد فراز ولد مشتاق کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں نصیر علی، محمد رمضان اور اقبال شامل ہیں۔
ایس ایس پی طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔



