جیمز بانڈ کچھوے:پانیوں میں تیرتا خاموش خطرہ، چین کا انتباہ اور ہمارا سمندری تحفظ

تحریر:نہال معظم
آپ نے کبھی سوچا کہ سمندر کے کنارے ریت پر سست روی سے چلتا ہوا معصوم سا کچھوا، جو اپنی ہی دھن میں مگن ہوتا ہے، کسی دن عالمی جاسوسی نیٹ ورک کا “خاموش ایجنٹ” بھی بن سکتا ہے؟ چین کی وزارتِ قومی سلامتی کی جانب سے حالیہ دنوں میں جاری کی جانے والی ایک غیرمعمولی وارننگ نے عالمی میڈیا اور سوشل میڈیا دونوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے۔ خبر کا مرکزی دعویٰ یہ ہے کہ سمندری کچھوے، مچھلیاں اور دیگر آبی حیات جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جاسوسی کے آلات میں تبدیل کیے جا سکتے ہیں اور ان کے ذریعے چین کے ساحلی علاقوں اور سمندری سرگرمیوں سے متعلق حساس معلومات جمع کی جا سکتی ہیں۔ اس وارننگ نے کچھ ایسا ہی منظرنامہ بنا دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال گھومنے لگا ہے کہ کہیں اب آبی حیات بھی “جیمز بانڈ” کی ٹیم میں بھرتی تو نہیں ہو رہی۔بات ہنسی مذاق کی لگ رہی ہے لیکن اس کے پیچھے موجود حقیقت، امکانات اور سیاسی تناظر کہیں زیادہ سنجیدہ بلکہ پیچیدہ ہیں۔ سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ خبر کا سب سے متنازع حصہ خود "جاسوس کچھوا” نہیں بلکہ وہ تاثر ہے جو اس اصطلاح سے پیدا ہوتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سمندری جانوروں پر سینسر، ٹریکر اور دیگر الیکٹرانک آلات نصب کرنا کوئی نئی بات نہیں ۔دنیا بھر کے سائنس دان دہائیوں سے کچھوؤں اور وہیلز کو “تیرتے ہوئے ڈیٹا کلیکٹرز” بنا کر ان کی ہجرت، رویے اور سمندری ماحول کا مطالعہ کرتے آ رہے ہیں۔ اس اعتبار سے اگر کوئی کہے کہ ایک کچھوا سینسر اٹھائے سمندر میں سفر کر رہا ہے تو یہ سائنسی حقیقت ہے، افسانہ نہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہی ٹیکنالوجی جاسوسی کے لیے استعمال ہو سکتی ہے؟ اس کا جواب بھی مکمل طور پر نفی میں نہیں دیا جا سکتا۔ جدید بحری حکمت عملی میں سمندر کی تہہ، پانی کا درجہ حرارت، نمکیات، سمندری دھارائیں اور صوتی ماحول غیرمعمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ آبدوزوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے اور بحری برتری حاصل کرنے کے لیے ایسی معلومات سونے سے زیادہ قیمتی سمجھی جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بڑی طاقتیں برسوں سے زیرِ آب سینسر نیٹ ورکس، خودکار بُوئیز، ڈرونز اور دیگر نگرانی کے نظام استعمال کرتی رہی ہیں۔ نظریاتی طور پر اگر کسی جانور کو معلومات جمع کرنے والے آلے کے ساتھ جوڑ دیا جائے تو وہ بھی اس زنجیر کا ایک حصہ بن سکتا ہے۔ لیکن یہاں وہ نکتہ آتا ہے جس پر سنجیدہ مبصرین زور دے رہے ہیں۔ چین کی وزارتِ قومی سلامتی نے اپنے دعوے کے ساتھ کوئی ایسا عوامی ثبوت پیش نہیں کیا جس سے یہ ثابت ہو کہ کسی غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے نے واقعی سمندری کچھوؤں یا مچھلیوں کو چین کے خلاف جاسوسی کے لیے استعمال کیا ہے۔ نہ کسی پکڑے گئے آلے کی تفصیلات سامنے آئیں، نہ تصاویر جاری ہوئیں اور نہ کسی مخصوص واقعے کا تکنیکی تجزیہ فراہم کیا گیا ۔نہ کوئی پکڑا گیا آلہ، نہ کوئی ایسا کیس جسے سائنسی بنیاد پر ثابت کیا جا سکے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ ایسے بیانات کا مقصد صرف خطرے کی نشاندہی نہیں بلکہ عوامی آگاہی بڑھانا اور قومی سلامتی کے بیانیے کو مضبوط کرنا ہو۔چین میں حالیہ برسوں کے دوران قومی سلامتی اور انسدادِ جاسوسی کے موضوعات کو زیادہ نمایاں کیا گیا ہے، اور ایسے بیانات اکثر عوامی سطح پر خاصے سنسنی خیز انداز میں سامنے آتے ہیں کیونکہ “جاسوس کچھوا” جیسی سنسنی خیز اصطلاحیں عوام کے دل و دماغ میں وہ خوف پیدا کرتی ہیں جو کوئی خشک سائنسی رپورٹ کبھی نہیں کر سکتی ،یعنی بات ابھی “انتباہ” کی حد تک ہے، اور یہاں سے شروع ہوتا ہے پاکستان کا وہ اہم زاویہ جس پر ہمیں ہر حال میں اپنی نظریں جمائے رکھنی ہیں۔ بحیرہ عرب کے ساحل، گوادر، کراچی اور پسنی جیسے مقامات محض ہمارے ساحل نہیں بلکہ پاکستان کی لائف لائن اور عالمی تجارت کے سٹریٹیجک مراکز ہیں۔ دنیا اگر سمندر میں کچھوؤں کے ذریعے جاسوسی کر رہی ہے یا کرنے کا سوچ رہی ہے، تو ہمارے لیے سبق یہ ہے کہ اپنی میری ٹائم سیکیورٹی اور ڈیجیٹل دفاع کو ہر صورت جدید ترین تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے۔ آج اگر بات کچھوے کی ہے تو کل کو کوئی اور جدید ٹیکنالوجی سمندر کی لہروں میں چھپی معلومات کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ لہذا، جب تک کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آتا، “جیمز بانڈ کچھوے” کو ایک دلچسپ سیاسی اشارہ اور سنسنی خیز کہانی سمجھنے کی بجائے یہ دیکھنا اہم ہے کہ جدید دنیا میں جنگ کے حربے تیزی سے بدل رہے ہیں ۔دشمن اب صرف سرحدوں پر ہی نہیں، سمندر کی تہہ میں تیرتے کچھوؤں کی اوٹ میں بھی بیٹھا ہو سکتا ہے۔ پاکستان کے لیے یہ بات خاص طور پر اہم ہے کہ اپنے ساحلی علاقوں میں نگرانی، ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی نظام کو مسلسل جدید رکھا جائے، کیونکہ دنیا جس رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے، وہاں خطرات بھی روایتی نہیں رہے۔یہ نہ ہو ہم خرگوش بن کر خواب غفلت کے مزے لیتے رہ جائیں اور دشمن کچھوے پر سواری کرتا شب خون مار جائے۔



