ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی زیرصدارت محرم الحرام میں سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی زیر صدارت دربار ہال میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی، رینجرز کے کیپٹن رافع، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زاہد حسین سولنگی ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی بدین اے شاہد لاشاری، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی بدین بی رضیہ اجن، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم خواجہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالرحیم کھٹی، ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر محمد خان سومرو، انچارج انڈس اسپتال اولڈ کیمپس عباس جمالی، ایس ڈی او حیسکو جمیل احمد میمن، 1122 ایمبولینس سروس کے نمائندے جمیل احمد، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل و ٹاؤن افسران، صحت، لوکل گورنمنٹ، انفارمیشن، حیسکو، پبلک ہیلتھ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور ذاکرین نے شرکت کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، پانی کی فراہمی، تجاوزات کا خاتمہ، فرسٹ ایڈ کی سہولت، بلا تعطل بجلی و گیس کی فراہمی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علماء، ذاکرین اور رہنماؤں پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ کے ضابطۂ اخلاق اور ایس او پیز پر ہر صورت عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور امن کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے اوقات اور مقررہ راستوں کی پابندی کی جائے جبکہ اشتعال انگیز اور نفرت پر مبنی تقاریر، قابلِ اعتراض ویڈیوز اور آڈیو مواد چلانے سے گریز کیا جائے۔ اسی طرح سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی متنازع مذہبی پوسٹ یا تبصرے سے اجتناب کیا جائے۔ کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ تحصیل یا ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے تاکہ عزاداری کے ایام پرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکیں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں کے راستوں پر میڈیکل کیمپ قائم کیے جائیں اور ایمبولینسوں، ڈاکٹروں، طبی عملے اور ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے تعلقوں میں اہلِ تشیع اور دیگر مکاتبِ فکر کے علماء کے ساتھ رابطے میں رہیں، کنٹرول روم قائم کریں اور تمام اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں ڈپٹی کمشنر بدین نے حیسکو حکام کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کی مجالس کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ماتمی جلوسوں کے راستوں میں موجود بجلی کی تاروں اور دیگر فنی مسائل کو فوری طور پر درست کیا جائے اس موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے تمام علماء کرام پر زور دیا کہ وہ ملک کے مفاد میں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور اپنے اردگرد موجود شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداری اور مجالس کے لیے سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اجلاس میں موجود علماء کرام اور ذاکرین نے مختلف مسائل سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی



