پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست کم بیک، ہنڈرڈ انڈیکس 171 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز شاندار تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا ہنڈرڈ انڈیکس دوبارہ ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔
کاروبار کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی بھرپور خریداری کے باعث مارکیٹ میں 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد KSE-100 Index 171,006 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
یہ تیزی گزشتہ روز کی نمایاں مندی کے بعد سامنے آئی ہے، جب کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1,525 پوائنٹس کمی کے ساتھ 168,953 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی، معاشی اشاریوں میں بہتری اور مثبت کاروباری توقعات کے باعث خریداری کا رجحان بڑھا، جس سے سٹاک مارکیٹ میں نمایاں ریکوری دیکھنے میں آئی۔
سرمایہ کاروں کی نظریں اب مارکیٹ کے آئندہ رجحان اور اہم معاشی اعلانات پر مرکوز ہیں، جو آنے والے دنوں میں کاروباری سرگرمیوں پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔