نرسنگ کونسل نے55کالجزکی رجسٹریشن کی منظوری دیدی
کروڑوں روپے جرمانہ کے عوض 4 غیر رجسٹرڈ کالجز کو طلباء کے بہتر مستقبل کی خاطر 4سال بعد رجسٹریشن دے دی گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے تشکیل نو کے بعد55کالجز کی رجسٹریشن کی منظوری دے دی،کروڑوں روپے جرمانہ کے عوض4غیر رجسٹرڈ کالجز کو طلباء کے بہتر مستقبل کی خاطر چار سال بعد رجسٹریشن دے دی گئی۔
پاکستان نرسنگ کونسل اینڈ مڈوائفری کونسل ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ نرسنگ کونسل کی کہانیاں نہ ختم ہونے والی ہیں پوری رات بات کروں تو بھی ختم نہیں ہوگی، نرسنگ کونسل کے شعبے کی زبوں حالی میں انڈیا کی کوئی سازش نہیں، بلکہ ہماری اپنی کارکردگی کا فقدان ہے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ اعداد و شمار چیخ چیخ کر صورتحال بتا رہے ہیں پاکستان میں9لاکھ نرسز کی ضرورت ہے جبکہ موجودہ تعداد صرف6ہزار ہے،پڑوسی ملک میں6لاکھ نرسز کام کر رہی ہیں دنیا بھر میں25لاکھ نرسز کی کمی ہے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ سابقہ صدر کی ڈگری جعلی نکلی،الیکشن بھی جعلی تھا ڈپٹی رجسٹرار کے ساتھ مل کر یہ ایک مافیا بن چکا تھا کروڑوں روپے کی ڈیمانڈکی جا رہی تھیں،نام لے کر پیسے مانگے جاتے تھے۔عدالت کے احکامات کے باوجود چارج نہیں لینے دیا گیا۔وفاقی وزیرکاکہنا تھا کہ کرپشن کروانی ہوتی تو پرانے والوں سے دوستی کیوں نہ کرتا؟ وہ تو پیسے بنانے کی مشین تھے۔ چیلنج ہے ثبوت لاوٴ، ایک چائے کی پیالی کی رسید دکھاوٴ، میں تادیبی کارروائی نہ کروں تو میں مجرم ہوں۔



