میرپورخاص،پسند کی شادی کرنےوالے جوڑے نے حکومت سے تحفظ مانگ لیا

میرپورخاص(شاھدمیمن /جانوڈاٹ پی کے)پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے اپنے اہلخانہ اور رشتہ داروں کی جانب سے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیوں اور زبردستی طلاق دلوانے کی کوششوں کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تفصیلات کے مطابق گمبٹ کے رہائشی یاسر علی اور اسکی اہلیہ سکینہ خادم نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تقریباً 12 ماہ قبل اپنی مرضی اور خوشی سے شادی کی تھی ان کے مطابق شادی دونوں خاندانوں کی رضامندی سے ہوئی تھی اور میاں بیوی اپنی ازدواجی زندگی خوش اسلوبی سے گزار رہے ہیں تاہم اب بعض رشتہ دار ان پر زبردستی طلاق لینے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں شوہر یاسر کا کہنا تھا کہ اس کے چچا ایاز علی، بابر علی اور سسر سمیت دیگر افراد مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ اپنی بیوی کو طلاق دے بصورت دیگر انہیں جان سے مار دیا جائے گا انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ کو قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں متاثرہ شخص نے کہا کہ ان کے درمیان کوئی ایسا تنازع نہیں جس کی بنیاد پر علیحدگی کی ضرورت ہو وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور کسی صورت طلاق نہیں دینا چاہتے انہوں نے بتایا کہ بعض افراد معمولی خاندانی اختلافات کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں اور انہیں الگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ان کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ رہنے پر رضامند ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے علیحدگی نہیں چاہتے ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف اغوا کا مقدمہ بھی درج کروایا گیا حالانکہ ان کی اہلیہ اپنی مرضی سے ان کے ساتھ ہیں اور کسی قسم کا اغوا نہیں ہوا جوڑے نے اعلیٰ حکام، پولیس اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ انہیں قانونی تحفظ فراہم کیا جائے اور دھمکیاں دینے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ وہ اپنی زندگی خوف و ہراس کے بغیر گزار سکیں۔



