محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی گائیڈ لائن جاری کر دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جامع سیکیورٹی گائیڈ لائن جاری کر دی ہے، جس کے تحت جلوسوں اور مجالس کیلئے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کیے جائیں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق محرم کے جلوسوں کو چار درجاتی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ ہر جلوس کیلئے الگ سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے گا تاکہ ممکنہ خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
گائیڈ لائن کے تحت جلوسوں کے راستوں میں مورچے بنانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ راستوں کے اطراف عمارتوں کی چھتوں پر لوگوں کے اجتماع پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔
پولیس انتظامیہ جلوسوں کی انتظامیہ سے بانڈ حاصل کرے گی، جبکہ پولیس کے ساتھ رضاکاروں کو بھی سیکیورٹی انتظامات میں شامل کیا جائے گا تاکہ جلوسوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جا سکے۔
حکام کے مطابق جلوس کے آغاز سے اختتام تک کسی بھی مشکوک فرد کو شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی اور اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔



