پنجاب: آئندہ مالی سال میں کاشتکاروں کو 20 ہزار گرین ٹریکٹر دینے کی ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر قیادت زرعی شعبے میں اصلاحات اور کسان دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں صوبہ جدید زرعی میکانائزیشن کے دور میں داخل ہو گیا ہے۔

گرین ٹریکٹر اسکیم، جدید کمبائنڈ ہارویسٹرز اور سپر سیڈرز کی فراہمی کے ذریعے کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری تک آسان رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔ حکومتی اقدامات کے تحت ہزاروں کسانوں کو سبسڈی اور بلاسود قرضوں کی سہولت دی جا رہی ہے۔

گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت ہزاروں ہائی پاور اور لو پاور ٹریکٹرز پر لاکھوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ آئندہ مالی سال میں مزید ٹریکٹرز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

پنجاب میں پہلی بار جدید زرعی مشینری کی خریداری کے لیے بلاسود قرضوں کی اسکیم بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے ذریعے کسانوں کو آسان شرائط پر مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق بلاسود قرضوں کے ذریعے بڑی تعداد میں کمبائنڈ ہارویسٹرز فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ گندم کی کٹائی میں جدید مشینری کے استعمال سے پیداوار اور کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔

ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے سپر سیڈر ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے لاکھوں ایکڑ رقبے پر جدید طریقوں سے کاشتکاری مکمل کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ زرعی شعبے کی جدید خطوط پر ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جس سے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ چھوٹے کاشتکار بھی براہ راست فائدہ اٹھا سکیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button