ایران سے جنگ بندی معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے، صدر ٹرمپ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات مثبت سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور جنگ بندی معاہدہ آئندہ چند دنوں یا اسی ہفتے کے اختتام تک طے پا سکتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ دنیا کا سب سے زیادہ غیر مستحکم خطہ ہے، اس لیے کسی بھی امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، تاہم ایران کے ساتھ بات چیت حوصلہ افزا انداز میں جاری ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق مذاکرات کا بنیادی نکتہ ایران کا یہ وعدہ ہے کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، نہ اس کی تیاری کرے گا اور نہ ہی اسے خریدنے کی کوشش کرے گا۔
امریکی صدر نے فوجی طاقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اگر چاہے تو مزید فوجی کارروائیاں بھی کر سکتا ہے، تاہم ان کی ترجیح جنگ کے بجائے سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کا حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کی اکثریت بھی ایران کے ساتھ تنازع کو مذاکرات اور تحریری معاہدے کے ذریعے ختم کرنا چاہتی ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔



