کویت میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملے، بھارتی شہری ہلاک، 63 افراد زخمی

کویت سٹی(ویب ڈیسک) کویت میں ایران کے مبینہ میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری ہلاک جبکہ 63 افراد زخمی ہو گئے، جس کے بعد ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خطرے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں کئی بار جنگی سائرن بجائے گئے، جبکہ کویتی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل سعود العطوان نے بتایا کہ حملوں کے دوران 5 مرتبہ جنگی سائرن بجانا پڑا۔
ترجمان کے مطابق کویتی فضائی دفاعی نظام نے 13 میزائلوں اور 17 ڈرونز کا سراغ لگایا اور متعدد اہداف کو تباہ بھی کیا، تاہم بعض تباہ کیے گئے میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ رہائشی علاقوں میں گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوا۔
رپورٹس کے مطابق حملوں میں شہری تنصیبات، حساس مقامات اور ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
کویتی وزارتِ دفاع کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ملک پر 869 ڈرونز، 372 بیلسٹک میزائل اور 15 کروز میزائل داغے جا چکے ہیں، جس سے سلامتی کی صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔



