بھارتی سٹاک مارکیٹ میں عالمی سرمایہ کاری 10 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی معاشی پالیسیوں کے تناظر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا بھارتی سٹاک مارکیٹ پر اعتماد کم ہونے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
عالمی جریدے بلومبرگ کے مطابق عالمی سرمایہ کاروں نے بھارتی سٹاک مارکیٹ سے متعلق بڑے دعوؤں پر محتاط رویہ اختیار کیا ہے، جبکہ بھارتی مالیاتی ڈیٹا بینک نیشنل سکیورٹیز ڈپازٹری لمیٹڈ کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں سرمایہ کاری 7.3 ٹریلین روپے تک آ گئی جو 2016 کے بعد کم ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کی منڈیوں میں بھارتی سٹاک مارکیٹ کی اہمیت متاثر ہوئی ہے، جبکہ گزشتہ تین سال میں پہلی بار تائیوان اور جنوبی کوریا کی معیشتیں بعض اشاریوں میں بھارت سے آگے نکل گئی ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق کئی بھارتی کمپنیوں میں عالمی فنڈز کی شمولیت گزشتہ 10 برس میں 20 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد رہ گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی کشیدگی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے رجحان پر دباؤ بڑھا ہے۔



