ترک وزیر خارجہ نے بھارتی حکومت کی بے چینی کو بے نقاب کر دیا
پاکستان سے ترکیہ کے تعلقات بھارت کے لیے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں، ترک وزیر خارجہ

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ترکیہ کے قریبی اور برادرانہ تعلقات بھارت کے لیے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں۔
بھارتی جریدے ہندوستان ٹائمز کے مطابق سنگاپور میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ہاکان فیدان نے کہا کہ بھارت کو ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات کو اپنے خلاف کسی اقدام یا دشمنی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ واحد ملک نہیں جس کے پاکستان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں بلکہ دنیا کے کئی ممالک پاکستان کے ساتھ اچھے روابط رکھتے ہیں۔
ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی ملک کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کی بنیاد پر بھارت ناراضی ظاہر کرتا ہے تو اس رویے پر سوال اٹھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط سیاسی، سفارتی اور دفاعی تعلقات موجود ہیں جبکہ ترکیہ مسئلہ کشمیر پر بھی پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہاکان فیدان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممالک اپنے قومی مفادات کے تحت آزاد خارجہ پالیسی اپناتے ہیں اور باہمی تعلقات کو کسی تیسرے ملک کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے۔



