امریکی حکومت نے بھارت سمیت60ممالک پر12.5فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کی تجویزپرغورشروع کردیا

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکی حکومت نے بھارت سمیت 60 ممالک پر 12.5 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کی تجویزپرغورشروع کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے بھارت سمیت اپنے بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے اضافی درآمدی ٹیرف عائد کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ جس کے تحت بھارتی مصنوعات پر 12.5 فیصد جبکہ برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا اور میکسیکو سمیت متعدد ممالک کی درآمدات پر 10 فیصد اضافی ڈیوٹی لگائی جا سکتی ہے۔

 امریکی تجارتی نمائندے کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ’’جبری مشقت سے تیار کردہ مصنوعات‘‘ کی عالمی تجارت کے خلاف تحقیقات کے بعد تجویز کیا گیا ہے۔امریکی رپورٹ میں بھارت کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ان معیشتوں میں شامل ہے جہاں جبری مشقت سے تیار شدہ مصنوعات کی درآمد روکنے کے قوانین یا تو ناکافی ہیں یا ان پر مؤثر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ بھارت بعض عالمی سپلائی چینز میں ایک درمیانی کردار ادا کرتا ہے جہاں جبری مشقت سے تیار کردہ خام مال یا مصنوعات شامل ہوسکتی ہیں۔دوسری جانب بھارتی حکومت نے امریکی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر واشنگٹن کے ساتھ رابطے میں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور مجوزہ ٹیرف ابھی حتمی نہیں ہے۔ادھر امریکی حکام کے مطابق یہ ٹیرف فوری طور پر نافذ نہیں ہوں گے۔ مجوزہ اقدامات پر 6 جولائی تک عوامی آراء طلب کی گئی ہیں جبکہ 7 جولائی کو باضابطہ سماعت ہوگی، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button