ماتلی میں پولیس چھاپے کیخلاف خواتین کا احتجاج،انصاف کی فراہمی اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ

ماتلی (رپورٹ: ایم آر گدی /جانو ڈاٹ پی کے) ماتلی ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے کراسنگ کے علاقے میں پولیس کے مبینہ چھاپے کے خلاف خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ ماتلی پولیس نے اہلِ محلہ کی شکایت پر شبانہ میمن کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے سہیل نامی شخص کو حراست میں لیا، تاہم کارروائی کے دوران بغیر کسی جواز کے گھر میں داخل ہو کر اہلِ خانہ کو ہراساں کیا گیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس کارروائی سے خواتین اور بچوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، اس لیے واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی مقامی افراد کی شکایات کی بنیاد پر کی گئی جبکہ زیرِ حراست شخص سے مزید تفتیش جاری ہے۔ احتجاج کرنے والی خواتین نے ایس ایس پی بدین اور ڈی آئی جی حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرا کے حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔



