ماتلی:شیدی برادری کا بااثروڈیرے کے ظلم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ماتلی (ایم آر گدی /جانو ڈاٹ پی کے) ’’ہم اپنے گھروں میں عید بھی نہیں منا سکے، بااثر وڈیرے کے خوف اور مبینہ ظلم کے باعث دربدر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں‘‘، ان خیالات کا اظہار گاؤں حاجی سانوڻ کی شیدی برادری سے تعلق رکھنے والے خواتین و مرد حضرات نے ماتلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کے دوران کیا۔ مظاہرین عبدالغفور شیدی، آچر شیدی، کزبانو، نجمہ اور دیگر نے الزام عائد کیا کہ گاؤں کے ایک بااثر وڈیرے کی نظر ان کے پلاٹ پر ہے اور وہ مبینہ طور پر قبضے کے لیے انہیں مسلسل ہراساں، تشدد اور جھوٹے مقدمات میں ملوث کروا رہا ہے۔ مظاہرین کے مطابق بار بار حملوں، دھمکیوں اور مبینہ پولیس کارروائیوں کے باعث وہ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور اس وقت ماتلی میں دربدر زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ متعدد بار ان کے گھروں پر حملے کیے گئے جن میں خواتین اور مرد زخمی ہوئے، جن میں سے بعض اب بھی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، تاہم پولیس مبینہ ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کے افراد کے خلاف این سی درج کر رہی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بااثر شخص کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں تحفظ، انصاف اور اپنے گھروں میں باعزت واپسی یقینی بنائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button