مٹھی سی آئی اے انچارج کے خلاف منشیات اور گٹکا فروشی میں مبینہ سہولت کاری کی انکوائری کا حکم

تھرپارکر (رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈی آئی جی پولیس میرپورخاص رینج کی جانب سے مٹھی کے سی آئی اے انچارج انسپکٹر ذوالفقار علی آرائیں کے خلاف منشیات، سفینہ اور گٹکا فروشی میں ملوث عناصر سے مبینہ تعلقات کے حوالے سے سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے باقاعدہ انکوائری کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ آفس آرڈر کے مطابق ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او پتھورو سکندر علی سمیجو کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ میڈیا پر چلنے والی خبروں اور مبینہ آڈیو کال کی بنیاد پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلی تحقیقات کر کے حقائق پر مبنی رپورٹ 10 روز کے اندر ڈی آئی جی آفس میں پیش کی جائے۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ دورانِ انکوائری تمام الزامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور حقائق سامنے لائے جائیں تاکہ قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ڈی آئی جی میرپورخاص رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی جانب سے جاری کردہ حکم کی نقل ایس ایس پی تھرپارکر کو بھی ضروری معلومات اور مزید کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ضلع تھرپارکر میں منشیات فروشی اور اس کی سرپرستی کے حوالے سے مختلف اوقات میں پولیس اور بعض منتخب نمائندوں پر الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، تاہم تاحال ان الزامات کے حوالے سے کوئی مؤثر اور مستقل کارروائی سامنے نہیں آ سکی ہے۔



