ایف بی آرٹیکس ریونیو کا ماہانہ ہدف پورا کرنے میں پھر ناکام

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)ٹیکس ریونیو کا ماہانہ ہدف پورا کرنے میں پھر ناکام ہوگیا۔رواں مالی سال کے پہلے11ماہ میں ٹیکس شارٹ فال860ارب سے زائد ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق مئی2026میں ٹیکس وصولی کا ہدف1150ارب روپے تھا تاہم ایف بی آر اب تک965ارب روپے ہی ٹیکس جمع کر پایا ہے، ایف بی آر کو رواں ماہ محصولات میں185سے190ارب روپے کمی کا سامنا ہے۔ کل آخری روز دفاتر کھلے رہیں گے، ٹیکس ریونیو میں مزید بہتری متوقع ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے11ماہ میں ٹیکس شارٹ فال860ارب سے زائد ہونے کا امکان ہے، ایف بی آر حکام کے مطابق مالی سال کے پہلے 10ماہ میں683 ارب روپے کا شارٹ فال ہوا تھا۔
رواں مالی سال ایف بی آر کا سالانہ ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے مقرر تھا تاہم آئی ایم ایف کی مشاورت سے ٹیکس ہدف کم کرکے 13 ہزار 989 ارب مقرر کیا گیا۔
سالانہ ہدف پر نظرثانی اور کمی کے باوجود ریونیو جمع کرنے میں مشکلات درپیش ہیں جبکہ اگلے مالی سال ایف بی آر کا سالانہ ٹیکس ہدف 15 ہزار 267 ارب رکھنے کی تجویز ہے۔



