اوکاڑہ:عیدالاضحیٰ پر بہترین سکیورٹی انتظامات،ڈی پی او اوکاڑہ کی پولیس افسروں اور جوانوں کو شاباش

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے عیدالاضحیٰ کے تینوں روز بہترین سیکیورٹی انتظامات اور فرائض کی احسن انداز میں انجام دہی پر اوکاڑہ پولیس کے افسران و جوانوں کو شاباش دی ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور عید کے اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے ضلع بھر میں فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس افسران و جوانوں نے انتہائی مستعدی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیے جس کے نتیجے میں عیدالاضحیٰ کے دوران ضلع بھر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے ہر وقت متحرک اور مستعد ہے۔ ڈی پی او نے اعلان کیا کہ عید کے دوران نمایاں کارکردگی اور بہترین ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا۔
ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے اوکاڑہ پولیس کے افسران و جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے



