ترک صدر اردوان کی نیتن یاہو پر کڑی تنقید، ’’ظالم‘‘ قرار دے دیا

استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’’ظالم‘‘ قرار دے دیا۔
ترک میڈیا کے مطابق استنبول کی چاملیجا مسجد میں نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ انہیں یقین ہے دنیا بھر کے مسلمان نیتن یاہو کو مناسب جواب دیں گے۔
رپورٹس کے مطابق ترک صدر نے منگل کے روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ترکیہ اور ایران کے دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر اردوان نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ جنگ بندی مذاکرات کے مثبت نتائج کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔



