سلمان خان کا انسٹاگرام اچانک غائب، مداحوں میں کھلبلی مچ گئی

ممبئی (ویب ڈیسک) بولی ووڈ سٹار سلمان خان کا آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پیر کے روز اچانک غائب ہونے پر مداح شدید تشویش میں مبتلا ہوگئے اور سوشل میڈیا پر افواہوں کا طوفان کھڑا ہوگیا۔
صارفین جب اداکار کی پروفائل کھولنے کی کوشش کر رہے تھے تو انہیں خالی پیج نظر آیا جبکہ سلمان خان کے نام کی جگہ ’Instagram User‘ لکھا دکھائی دیا، جس کے بعد کئی مداحوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید اکاؤنٹ ہیک، ڈیلیٹ یا عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
چند ہی منٹوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس معاملے سے متعلق پوسٹس اور اسکرین شاٹس وائرل ہوگئے جہاں مداح ایک دوسرے سے اکاؤنٹ کی صورتحال کے بارے میں سوالات کرتے دکھائی دیے۔
تاہم تقریباً آدھے گھنٹے بعد سلمان خان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ دوبارہ بحال ہوگیا، لیکن اداکار یا ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔
یہ واقعہ اس لیے بھی غیر معمولی توجہ کا مرکز بنا کیونکہ سلمان خان انسٹاگرام پر 72 ملین سے زائد فالوورز رکھتے ہیں اور سوشل میڈیا پر کافی متحرک سمجھے جاتے ہیں۔
بعد ازاں اداکار نے اپنی پروفائل پر متعدد پوسٹس شیئر کرتے ہوئے ہر جگہ موجود پاپارازی پر ناراضی کا اظہار بھی کیا۔



