تھرپارکر کے گاؤں مالھیار بجیر میں موروں میں پراسرار بیماری،متعدد متاثر

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے گاؤں مالھیار بجیر میں موروں میں اچانک پراسرار بیماری پھیلنے سے متعدد پرندے متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ بعض موروں کے ہلاک ہونے کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق متاثرہ مور کمزوری، سستی اور بے چینی کی حالت میں دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث گاؤں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ مور اس علاقے کی خوبصورتی اور قدرتی ماحول کا اہم حصہ ہیں، تاہم بیماری کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ان کی تعداد میں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں، لائیو اسٹاک اور ویٹرنری محکمے سے فوری نوٹس لینے، بیماری کی تحقیقات کرانے اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایسی صورتحال میں بیمار پرندوں کو دیگر پرندوں سے الگ رکھنا، ہلاک شدہ موروں کو احتیاط کے ساتھ دفن کرنا اور علاقے میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے تاکہ بیماری مزید نہ پھیل سکے۔

گاؤں کے رہائشیوں نے امید ظاہر کی ہے کہ صحت اور ویٹرنری محکموں کی ٹیمیں جلد علاقے کا دورہ کر کے بیماری کی وجوہات معلوم کریں گی اور ضروری علاج و ویکسینیشن کے اقدامات کریں گی۔

مزید خبریں

Back to top button