چین کا توانائی میں بڑا انقلاب: نمک اور ہزاروں آئینوں سے سستی بجلی کی پیداوار

بیجنگ(ویب ڈیسک) چین نے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں ایک نئی اور انقلابی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے جس میں سورج کی روشنی، ہزاروں آئینوں اور نمک کے ذریعے سستی بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً 12 ہزار آئینے سورج کی روشنی کو ایک بلند مرکزی ٹاور پر مرکوز کرتے ہیں، جہاں موجود نمک کو 565 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرم کیا جاتا ہے۔ یہ گرم نمک حرارت محفوظ رکھتا ہے اور بعد میں پانی کو بھاپ میں تبدیل کر کے ٹربائن چلانے میں استعمال ہوتا ہے، جس سے بجلی پیدا کی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ نمک کی مدد سے حرارت طویل وقت تک محفوظ رہتی ہے، جس کے باعث سورج غروب ہونے کے بعد بھی تقریباً 11 گھنٹے تک بجلی کی پیداوار جاری رہ سکتی ہے۔
چینی حکام کے مطابق اس طرز کے مزید منصوبے بھی زیرِ تعمیر ہیں جن کا مجموعی ہدف ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنا ہے، جبکہ 2030 تک اس صلاحیت میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔



