خطے میں امن کیلئے سفارتی کوششیں تیز، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مرکزی کردار ادا کیا، اسحاق ڈار

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، مصر، یو اے ای اور اردن کی قیادت سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جبکہ حساس سفارتی عمل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مرکزی کردار ادا کیا۔

اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے اور امریکی صدر، نائب صدر جے ڈی وینس، مارکو روبیو اور امریکی ٹیم کی سفارتی کوششوں سے مذاکرات میں مثبت پیشرفت سامنے آئی۔

انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور باقر قالیباف کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور برادر علاقائی ممالک نے امن کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق سعودی عرب، ترکیہ، مصر، قطر اور دیگر دوست ممالک مسلسل رابطے میں رہے اور ان کی حمایت مذاکرات کی کامیابی میں اہم ثابت ہوئی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور امن کیلئے عزم بھی قابل تحسین ہے۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج کی اہم بات چیت میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ وزارت خارجہ کی مسلسل سفارتی کاوشیں بھی قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکراتی عمل سے خطے میں پائیدار امن، باہمی احترام اور استحکام کو فروغ ملے گا اور دنیا کے امن و خوشحالی کیلئے تصادم کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دینا ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button