ہمیں گرفتار کرواتے ہو، انجام بھگتو، منشیات فروشوں کا بزرگ خاتون کے گھر پر حملہ، 10 لاکھ روپے لوٹ لیے

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) تعلقہ کلوئی کے گاؤں بہادر ببر میں مبینہ طور پر منشیات فروشوں نے ایک بزرگ خاتون کے گھر پر حملہ کرکے تشدد کیا اور گھر میں موجود 10 لاکھ روپے نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق چند روز قبل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دیسی شراب فروخت کرنے والے فقیر محمد ببر عرف فقیرو کو بڑی مقدار میں شراب سمیت گرفتار کیا تھا، جبکہ آج ایک اور مبینہ شراب فروش مقصود ببر کو نارکوٹکس اہلکاروں نے گرفتار کیا، جس پر مبینہ منشیات فروش مشتعل ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق مشتعل افراد نے اپنے ہی چچا سلیم ببر کے گھر پر دھاوا بول دیا، جہاں سلیم ببر کی بزرگ والدہ مسمات حوا ببر اور اس کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان نے گھر میں موجود صندوق اور پیٹیاں توڑ کر تقریباً 10 لاکھ روپے نقد رقم لوٹ لی۔

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ملزمان جاتے ہوئے سنگین نتائج اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے گئے اور کہا کہ اگر کسی قسم کی شکایت کی گئی تو انجام برا ہوگا۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button