ایف آئی اے کی بڑی کارروائی،افغان باشندوں کیلئے جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے والا نیٹ ورک گرفتار

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کر کے افغان باشندوں کے لئے جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے والے گینگ کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے شہریوں کیلئے جعلی پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کے حصول میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے پشاور زون کی ہدایت اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل (ACC) پشاور کی نگرانی میں ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران ایسے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جو افغان شہریوں کو جعلی طریقے سے پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کے حصول میں سہولت فراہم کر رہا تھا۔
مصدقہ اطلاع پر عمل کرتے ہوئے ایک ریڈنگ ٹیم، جس میں انسپکٹر عرفان اللہ، انسپکٹر محمد عامر، SHO طلحہ زمان, SI فہد اللہ, اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد الیاس، اسسٹنٹ سب انسپکٹر شیراز خان، اسسٹنٹ سب انسپکٹر طاہر محمود اور ہیڈ کانسٹیبل آصف شامل تھے، نے مقامی پولیس چوکی تاج آباد کے تعاون سے پشاور کے علاقے تاج آباد، گلی نمبر 10 میں واقع ایک نجی ہاسٹل پر چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران متعدد افغان شہری مذکورہ مقام پر موجود پائے گئے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ متعدد افراد نے مبینہ طور پر جعلی شناخت کے ذریعے پاکستانی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز (CNICs) اور پاسپورٹس حاصل کیے تھے، جنہیں بیرون ملک خصوصاً سعودی عرب روزگار کے حصول کیلئے استعمال کیا جانا مقصود تھا۔
ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایجنٹس کو فی کس 25 لاکھ سے 28 لاکھ روپے تک کی بھاری رقوم ادا کیں، جنہوں نے انہیں جعلی شناختی اور سفری دستاویزات کے حصول میں سہولت فراہم کی۔
کارروائی کے دوران پاکستانی شناختی کارڈز، پاسپورٹس، افغان شناختی دستاویزات، موبائل فونز اور دیگر قابلِ اعتراض مواد برآمد کر کے قبضہ میں لے لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک منظم بین الاقوامی نیٹ ورک ہے جو پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک میں سرگرم ہے۔ گرفتار شدگان نے بعض سہولت کاروں اور ایجنٹس کی نشاندہی کی ہے جو مبینہ طور پر جعلی شناختی دستاویزات کی تیاری اور غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے عمل میں ملوث ہیں۔
موجودہ شواہد کی بنیاد پر FIA ACC پشاور نے نامزد ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 419، 420، 468، 471، 34 اور 109 کے تحت، مع دفعہ 14 غیر ملکی ایکٹ 1946 مقدمہ درج کر لیا ہے۔ گرفتار افراد FIA کی تحویل میں ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
تحقیقات کا دائرہ کار مزید سہولت کاروں، فائدہ اٹھانے والوں اور ممکنہ طور پر ملوث سرکاری اہلکاروں تک بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں بشمول نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کے کردار کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔



