تیل مہنگا، یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں بڑا اضافہ

برسلز (ویب ڈیسک) یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ عالمی سطح پر تیل اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتیں قرار دی جا رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران جنگ کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے صارفین کو روایتی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کی جانب راغب کر دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئی اور استعمال شدہ الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جبکہ کئی یورپی مارکیٹس میں ای وی گاڑیوں کی قیمتیں نسبتاً کم ہونے سے صارفین کو زیادہ دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق مہنگے ایندھن نے صارفین کے فیصلوں پر براہِ راست اثر ڈالا ہے اور لوگ اب کم خرچ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو ترجیح دے رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق یورپی مارکیٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن میں واضح اضافہ ہوا ہے جبکہ آٹو انڈسٹری کو بھی اس رجحان سے بڑا سہارا ملا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے بعد عالمی توانائی سپلائی متاثر ہونے سے خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہیں، جس کے اثرات یورپی معیشت اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر نمایاں طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ مزید بڑھ سکتی ہے جبکہ روایتی پیٹرول گاڑیوں کی فروخت میں کمی کا رجحان مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button