پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ: محسن نقوی کا دوستی کو ’’ناقابلِ شکست‘‘ قرار دینے کا عزم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی “فولادی دوستی” بے مثال اعتماد، مخلصانہ تعاون اور لازوال شراکت داری کی علامت ہے، اور اس میں کسی بھی سازش کے ذریعے دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محسن نقوی کے مطابق چین پاکستان کا سب سے قابلِ اعتماد اسٹریٹجک پارٹنر ہے، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات خطے میں استحکام اور ترقی کی ایک روشن مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور پائیدار ترقی کا عملی ثبوت ہے، اور قدرتی آفات و عالمی وباؤں کے دوران چین کی معاونت دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرتی رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی پہلے سے زیادہ مضبوط، گہری اور ناقابلِ شکست ہو چکی ہے اور خطے میں امن و خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کا مؤقف ہمیشہ یکساں رہا ہے۔



