تبدیلی سے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کیلئے سوچنا ہوگا: شان مسعود

سلہٹ(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ تبدیلی سے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کیلئے سوچنا ہوگا۔
بنگلادیش کے خلاف سیریز میں شکست کے بعد سلہٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ میری نیت صاف ہے اور کپتانی کی ذمہ داری ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کیلئے لی تھی، کچھ چیزیں ہیں جنہیں بہتر کرنے کیلئے کرکٹ بورڈ سے بیٹھ کر بات کرنی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کے حوالے سے فیصلہ ہمیشہ کرکٹ بورڈ کا ہوتا ہے، ان کی سوچ ہمیشہ کرکٹ کی بہتری کیلئے رہی ہے، بہتری لانے کیلئے ضروری نہیں کہ کرسی پر بیٹھ کر ہی سوچا جائے یا فیصلے کیے جائیں۔
شان مسعود کے مطابق تبدیلی سے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کو بہتر بنانے کیلئے سوچنا ہوگا، شکست کا ذمہ دار بیٹنگ، بولنگ یا فیلڈنگ کو قرار نہیں دوں گا ، جب جیت ہوتی ہے تو 10رنز ہوں یا 100رنز سب کی اہمیت ہوتی ہے، شکست پر وہ بھی دلبرداشتہ ہیں لیکن نا تو جذبات میں آکر سوچنا ہوگا اور نا ہی جذباتی فیصلے کرنے ہونگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ جو کمی یا خامی ہے اس کو کس طرح پورا کیا جائے، 40 سال کا کرکٹر ہو یا 18 سال کا کمی یا خامی کو دور کرنا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن بنگلا دیش نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے۔
پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں ڈھاکا کے مقام پر 104 رنز جبکہ دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں سلہٹ میں 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔



