پورےسندھ کے لوگوں کوآرام دہ سفری سہولیات دینگے،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کراچی سمیت پورے صوبے میں لوگوں کو آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے، آئندہ سرکاری بسیں بایو گیس پر نہیں بلکہ ای وی پرچلیں گی تاہم بایو گیس پلانٹ ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے تحت لگایا جائے گا،اس منصوبے کے لئے ٹینڈر آئندہ ماہ ہوجائے گا اور بایو گیس دوسرے مقاصد کے لئے استعمال کی جائے گی۔گرین لائن میں سفر کرنے والے پہلے 50 ہزار مسافر تھے جن کی تعداد بڑھ کر اب 95 ہزار مسافر تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی میں محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتائی۔شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس، پنک بس ، ای، وی بس سب کا کنٹریکٹ ہوا،یہ کنٹریکٹ بالکل شفاف تھا ۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل حکومت کی کمپنی کو پیسے دیئے گئے اوروفاقی ادارے نے بسیں خرید لیں۔انہوں نے کہا کہ ای وی بسز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر لائی گئی ہیںہر بس پر ہم نے سبسڈی دی ہے ،اسی ماڈل کے تحت ہم مزید 500 بسیں لینے جا رہے ہیں، اس کے لیئے ہم نے اخبار میں اشتہار دیاگیا ہے۔



