امریکی طیارہ بردار بحری جہاز بحیرۂ عرب منتقل، ایرانی میڈیا نے سیٹلائٹ تصاویر کا دعویٰ کر دیا


تہران(ویب ڈیسک) ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن بحیرۂ عمان سے نکل کر بحیرۂ عرب میں داخل ہو گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران امریکی بحری بیڑے کی پوزیشن میں نمایاں تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ 22 جون اور 5 جولائی کو لی گئی سیٹلائٹ تصاویر کے تقابلی جائزے کے مطابق یو ایس ایس ابراہام لنکن، جو پہلے ایران کی بندرگاہ چابہار سے تقریباً 140 کلومیٹر دور بحیرۂ عمان میں موجود تھا، اب تقریباً 207 کلومیٹر جنوب کی جانب بحیرۂ عرب میں منتقل ہو چکا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ دعویٰ سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے پر مبنی ہے، تاہم امریکی حکام نے اس بحری نقل و حرکت یا اس کی وجوہات کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
علاقائی مبصرین کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں امریکی بحری بیڑے کی نقل و حرکت پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، تاہم اس حوالے سے کسی بھی حتمی نتیجے کے لیے متعلقہ حکام کے باضابطہ مؤقف کا انتظار کیا جا رہا ہے۔