مسافر بس اور ٹرک میں ٹکر، 13 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں منگنی کی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والی مسافروں سے بھری بس ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 25 افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ ضلع پالگھر میں ممبئی احمد آباد قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثے کی زد میں ایک موٹرسائیکل بھی آ گئی۔
رپورٹس کے مطابق بس میں 40 سے زائد افراد سوار تھے جو باپوگاؤں سے دھنیوری میں ایک منگنی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
ریسکیو حکام نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جبکہ حادثے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے لیے 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔



