بھارت کو پہلے اپنے داخلی انتشار اور بڑھتی ہوئی نفرت پر توجہ دینی چاہیے،سریندر ولاسائی

بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی کا بھارتی آرمی چیف کے بیان پر شدید ردعمل

تھرپارکر/کراچی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو پہلے اپنے داخلی انتشار اور بڑھتی ہوئی نفرت پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی جغرافیہ اور تاریخ بدلنے کے خواب اب پرانے ہو چکے ہیں۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

سریندر ولاسائی کے مطابق پاکستان ایک خودمختار ایٹمی طاقت ہے اور اپنی سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے متحد اور تیار ہیں۔

ترجمان نے بھارت میں ذات پات، مذہبی امتیاز اور انسانی نابرابری کو انسانیت کے لیے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاکھوں دلت، مسلمان اور دیگر اقلیتیں روزانہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دور میں انتہاپسندی اور مذہبی نفرت میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو “قصائیِ گجرات” قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی بھارت کے “خطرناک عزائم” کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور علاقائی تعاون پر یقین رکھتا ہے، تاہم پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا جواب قومی اتحاد اور مکمل طاقت کے ساتھ دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button