غزہ: القسام کمانڈر عز الدین کے ریاستی قتل کی تصدیق، بیوی اور بیٹی سمیت سپرد خاک

مقبوضہ بیت المقدس (ویب ڈیسک) غزہ میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر عز الدین الحداد کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی گئی، جنہیں گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملے میں قتل کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔

جنازے کی نماز غزہ شہر کی مسجد شہداء الاقصیٰ میں ادا کی گئی، جس کے بعد ان کی میت کو سپردِ خاک کیا گیا، اسی حملے میں الحداد کی اہلیہ اور بیٹی بھی شہید ہوئی تھیں، جن کی تدفین بھی ساتھ ہی کی گئی۔

القسام کمانڈر کے جنازے میں شرکت کے لیے فلسطینی بڑی تعداد میں مسجد کے اطراف جمع ہوئے، جبکہ شرکا نے فلسطینی پرچم اور حماس کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ داخلی سکیورٹی ادارے شاباک کے تعاون سے عز الدین الحداد کو قتل کیا گیا، اسرائیل کے مطابق وہ حماس کے اُن آخری اہم عسکری رہنماؤں میں شامل تھے جنہیں 7 اکتوبر کے حملے کا منصوبہ ساز قرار دیا جاتا ہے۔

یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب غزہ جنگ بندی اور جنگ کے بعد کے سیاسی منصوبے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں، اس کے ساتھ ہی اسرائیل نے ایران پر امریکہ کے ساتھ مشترکہ حملوں کے خاتمے کے بعد گزشتہ پانچ ہفتوں میں غزہ اور لبنان پر اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ نے اسرائیلی فوج کے حملے میں القسام بریگیڈز کے کمانڈر عزالدین الحدّاد، ان کی اہلیہ اور بچے کے ریاستی قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دہشت گردانہ کارروائی اور اس نوعیت کی دیگر ٹارگٹ کلنگ اسرائیل کے فلسطین کو نوآبادیاتی طور پر مٹانے کے مجرمانہ منصوبے کا حصہ ہیں، مزاحمتی قیادت اور فلسطینی شخصیات کو جسمانی طور پر ختم کرنے سے نہ تو مزاحمت کی سوچ متاثر ہوگی اور نہ ہی اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کی جا سکے گی۔

مزید خبریں

Back to top button