جیکلین فرنانڈیز نے 200 کروڑ منی لانڈرنگ کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست واپس لےلی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز نے 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں بڑا یوٹرن لیتے ہوئے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست واپس لے لی۔
جیکلین فرنانڈیز نے مجرم سکیش چندر شیکھر سے منسلک 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کی اپنی استدعا دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ سے واپس لی جو انہوں نے گزشتہ ماہ دائر کی تھی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ پیشرفت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج پرشانت شرما کے سامنے جیکلین فرنانڈز کی درخواست کی مخالفت کے فوراً بعد سامنے آئی۔
عدالت میں جمع کروائے گئے اپنے جواب میں ای ڈی نے دلائل دیے کہ جیکولین فرنانڈیز مجرم کی مجرمانہ تاریخ سے آگاہ ہونے کے باوجود اس کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھیں۔
ای ڈی نے مؤقف اختیار کیا کہ بالی وڈ اداکارہ مہنگے تحائف، لگژری اشیا اور دیگر فوائد حاصل کرتی رہیں جو مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے ذریعے حاصل کردہ رقم سے خریدے گئے تھے۔
ایجنسی نے عدالت کو بتایا کہ سکیش چندر شیکھر کے ساتھ ان کے طویل مدتی اور متعدد ذرائع سے ہونے والے رابطے اس دعوے کو کمزور کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں لاعلم یا معصوم تھیں۔
ای ڈی نے مزید کہا کہ جیکلین اور ان کے خاندان کے کچھ افراد مبینہ طور پر جرم کی رقم سے حاصل ہونے والے فوائد سے لطف اندوز ہوتے رہے جو فنڈز کے اصل ذرائع کے حوالے سے لاپرواہی اور لانڈرنگ کے عمل میں فعال شمولیت کی نشاندہی کرتا ہے۔
بالی وڈ اداکارہ کو اس کیس میں پہلے ہی شریک ملزم کے طور پر نامزد کیا جا چکا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے وہ تحائف قبول کیے جو 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کے ریکٹ سے حاصل شدہ رقم سے خریدے گئے تھے۔
سکیش چندر شیکھر پر فورٹس ہیلتھ کیئر کے سابق پروموٹر شیوندر سنگھ کی اہلیہ ادیتی سنگھ سے کروڑوں روپے بٹورنے کا الزام ہے۔ مجرم نے مرکزی سیکرٹری قانون بن کر ادیتی سنگھ سے رابطہ کیا اور ان کے شوہر کی ضمانت کرانے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا۔



