وزیراعظم کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطہ، دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور گزشتہ روز بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔
انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیر اعظم نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے وفاق کا صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف نبردآزما پاک افواج، سکیورٹی فورسز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔



