بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملہ، 15 اہلکار شہید، آپریشن جاری

ڈی آئی خان / بنوں(جانوڈاٹ پی کے) بنوں میں رات گئے دہشت گردوں نے پولیس چوکی فتح خیل پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں اب تک 15 پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تین اہلکاروں کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
شہداء میں رحمت ایاز، ثناء اللہ، نیاز علی، صحیب، سعداللہ، کامران، نعمت اللہ، عابد جانی، عمران، نعیم اللہ، صدیق اللہ، میر عالم خان، راحت اللہ خان اور فاروق داد شامل ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بنوں پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردوں کی آخری بزدلانہ کارروائی ثابت ہوگی اور انہیں انجام تک پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پورے ملک کی جنگ ہے اور خیبر پختونخوا پولیس نے اس میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔



