امریکہ اور بحرین کی ایران کے خلاف سلامتی کونسل میں قرارداد پیش

نیویارک(ویب ڈیسک) امریکہ اور بحرین نے ایران کے خلاف سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کر دی جس میں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملے اور رکاوٹیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ میں بحرین کے مستقل مندوب جمال فارس الروایعی نے قرارداد کا مسودہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز نہ صرف خلیجی خطے بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔

بحرینی سفیر نے مزید کہا کہ قرارداد میں ایران سے تجارتی اور مال بردار جہازوں کے خلاف تمام حملے اور دھمکیاں فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا، قرارداد میں آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں اور غیر قانونی ٹول ٹیکس وصولی کا معاملہ بھی شامل ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب مائیک والٹز نے اس موقع پر کہا کہ ایران نے خلیج فارس سٹریٹس اتھارٹی قائم کر کے جہازوں سے زبردستی فیس وصول کرنے کی کوشش کی، عالمی آبی گزرگاہوں میں بارودی سرنگیں اور غیر قانونی ٹول کسی صورت قبول نہیں۔

امریکی مندوب نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کے رکن ممالک فیصلہ کریں وہ ایران کے ساتھ ہیں یا خلیجی ممالک کے ساتھ؟

متحدہ عرب امارات کے مندوب محمد عیسیٰ ابوشہاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی عالمی تجارت، توانائی کی منڈیوں کو براہ راست متاثر کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ قرارداد کو روس اور چین کی مخالفت کا سامنا ہے اور ویٹو کیے جانے کا امکان بھی ہے۔

قرارداد پر ردعمل میں اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا کہ امریکہ اور بحرین کی آبنائے ہرمز سے متعلق قرارداد یکطرفہ، سیاسی اور گمراہ کن ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ امریکہ جہاز رانی کی آزادی کے نام پر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، خلیج فارس میں امریکہ اپنی غیر قانونی کارروائیوں کو قانونی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

امیر سعید ایروانی نے مزید کہا کہ موجودہ بحران کی اصل وجہ امریکہ اور اسرائیل ہیں، امریکی بحری ناکہ بندی،ایرانی جہازوں پر قبضہ سمندری قزاقی ہے، امریکی پالیسیاں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے بجائے عدم استحکام کو مزید بڑھا رہی ہیں، امریکی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کے منافی ہیں۔

ایرانی سفیر نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز کے بحران کا واحد حل جنگ اور بحری ناکہ بندی کا مستقل خاتمہ ہے، امریکی قرارداد اصل حقائق کو مسخ کر رہی ہے، امریکہ ایران پر بغیر کسی مصدقہ ثبوت کے حملوں اور سمندری بارودی سرنگیں بچھانے کے الزامات لگا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button