معرکۂ حق کے شہید حوالدار عامر شیراز کو خراجِ عقیدت، تاج محمد ترند کی اہلخانہ سے تعزیت

ایبٹ آباد(جانوڈاٹ پی کے) مشیرِ کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا تاج محمد ترند نے معرکۂ حق کے شہید حوالدار عامر شیراز کے گھر جا کر والد اور اہلخانہ سے تعزیت کی جبکہ بچوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے شہید کی قبر پر حاضری دی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔
تاج محمد ترند نے کہا کہ معرکۂ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دے کر واضح پیغام دیا گیا ہے کہ آئندہ ایسی غلطی نہ کرے، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
شہید حوالدار عامر شیراز کے والد کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے بہادری اور دلیری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور انہیں اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، شہید کی بیٹی نے کہا کہ ان کے والد انہیں آرمی ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے اور وہ ان کا یہ خواب ضرور پورا کریں گی۔
شہید کے بھائی نے بھی ان کی قربانی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بھائی کے نقشِ قدم پر چلنے کے لیے تیار ہیں۔



