کاروباری برادری کی مشاورت سے پائیدار تجارتی پالیسیاں تشکیل دیں گے، وزیر تجارت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری اور صنعتکاروں کی مشاورت سے پائیدار تجارتی پالیسیاں تشکیل دیں گے۔

گیٹرون انڈسٹریز اور نوواٹیکس کے سی ای او تیمور داؤد سمیت صنعتی نمائندوں نے وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی جس میں پاکستان بزنس کونسل اور صنعتی نمائندوں سے ملاقات میں ٹیرف اصلاحات اور صنعتی پائیداری پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں پیٹروکیمیکل، پلاسٹک، پولیسٹر اور ایس ایم ای سیکٹر کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

دوران ملاقات صنعتی نمائندوں نے مؤقف اپنایا کہ اچانک ڈیوٹی میں کمی سے مقامی صنعت، سرمایہ کاری اور حکومتی آمدن متاثر ہو سکتی ہے،انہوں نے حقیقی برآمدی صنعت اور درآمدی تجارت میں تفریق کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کی صنعتی و برآمدی پالیسی کو طویل المدتی صنعتی ترقی اور پائیدار مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا ہوگا، ابھرتی ہوئی صنعتوں کو عالمی سطح پر مسابقتی بننے کیلئے وقت، انفراسٹرکچر اور پالیسی تسلسل درکار ہے، پاکستان کے معاشی حالات، توانائی لاگت اور سکیورٹی چیلنجز خطے کے دیگر ممالک سے مختلف ہیں۔

اجلاس میں غیر دستاویزی معیشت اور غیر مساوی نفاذ کے باعث رجسٹرڈ صنعتوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

جام کمال خان نے رجسٹرڈ صنعتوں کے تحفظ کیلئے مؤثر نظام کی ضرورت پر زور دیا، پیٹروکیمیکل، پی وی سی، پلاسٹک اور ویلیو ایڈڈ صنعتوں کو پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے اہم قرار دیا گیا۔

صنعتی نمائندوں نے کہا کہ مستحکم صنعتی پالیسی اور معاون ٹیرف ڈھانچہ نئی سرمایہ کاری کیلئے ناگزیر ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ جنوبی کوریا، چین، جاپان اور امریکہ میں صنعتی ترقی مرحلہ وار حکومتی معاونت سے ممکن ہوئی، وزارتِ تجارت کاروباری برادری اور صنعتکاروں سے مشاورت جاری رکھے گی تاکہ متوازن اور پائیدار تجارتی پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button