آر ایچ سی کھینسر میں وی بی ڈی انتظامات کا جائزہ، ڈینگی آئسولیشن وارڈ تیار

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی\جانوڈاٹ پی کے) آر ایچ سی کھینسر اور تعلقہ ڈیپلو میں صحت سہولیات اور ویکٹر بورن ڈیزیز (VBD) سے متعلق انتظامات کے جائزے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی ڈی ایچ او کیوریٹو ڈاکٹر سترام داس روپانی، ڈی ڈی ایچ او وی بی ڈی ڈاکٹر غلام محی الدین ڈیرو اور آر ایچ سی کھینسر کے ایم ایس/ایڈمن انچارج ڈاکٹر سریش کمار نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اسپتال کے انتظامی اور طبی امور پر تفصیلی غور کیا گیا، جس کے بعد افسران نے صحت مرکز کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے وی بی ڈی انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔
جائزے کے دوران معلوم ہوا کہ ڈینگی مریضوں کے لیے دو بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ مکمل طور پر تیار اور فعال ہے، جبکہ ڈینگی کی تشخیص کے لیے این ایس ون (NS1) کٹس بھی مناسب مقدار میں دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ ایل ایل آئی این (LLINs) مچھر دانیاں بھی وافر مقدار میں موجود ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر افسران نے آر ایچ سی کھینسر کی موجودہ انتظامی اور طبی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔



