مہمند اور خیبر میں شدید ژالہ باری، انڈوں جتنے بڑے اولے پڑنے سے فصلوں اور سولر پینلز کو نقصان

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے اضلاع مہمند اور خیبر کی مختلف تحصیلوں میں گزشتہ رات بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی، جس کے دوران انڈے کے حجم کے اولے پڑنے سے کھڑی فصلوں، گھروں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا۔
مقامی افراد کے مطابق ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری سے فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی کھڑی فصل کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، جبکہ بعض علاقوں میں تیار فصل بھی تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کاشتکاروں کے مطابق ژالہ باری سے ٹماٹر کی فصل متاثر ہونے کے باعث انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرین کی مدد کا مطالبہ کیا ہے۔
تحصیل امبار کے علاقے گمبتی میں بھی شدید ژالہ باری کے باعث متعدد گھروں اور زمینوں پر نصب سولر پینلز ٹوٹ گئے۔
مقامی افراد کے مطابق مہمند اور خیبر کے ان علاقوں میں بڑے حجم کے اولے پڑنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ گزشتہ برس بھی ضلع مہمند کی تحصیل پڑانگ غار میں شدید ژالہ باری سے فصلوں، سولر پینلز اور گھروں کو نقصان پہنچا تھا جبکہ بعض مقامات پر مویشی اور پالتو جانور بھی زخمی ہوئے تھے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تاحال بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ماہرین موسمیات کے مطابق بادلوں میں درجہ حرارت کے فرق اور تیز اوپر اٹھنے والی ہواؤں (اپ ڈرافٹ) کے باعث اولوں کا حجم بڑھ سکتا ہے۔ بادلوں کے اندر پانی کے ذرات بار بار اوپر نیچے گردش کرتے ہیں، جس سے ان پر برف کی مزید تہیں جمتی جاتی ہیں اور اولے بڑے ہو جاتے ہیں۔



