سعودی عرب کا فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے 20 لاکھ ڈالر کا چیک فراہم

ریاض (ویب ڈیسک )سعودی عرب نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) کو 20 لاکھ امریکی ڈالر کا چیک فراہم کر دیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رقم خطے میں یو این آر ڈبلیو اے کے بجٹ، پروگراموں اور انسانی آپریشنز کی معاونت کے لیے سعودی عرب کے سالانہ تعاون کا حصہ ہے۔
شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان نے اردن میں یو این آر ڈبلیو اے کو یہ امداد پیش کی اور اس موقع پر کہا کہ سعودی قیادت فلسطینی عوام کی حمایت اور انسانی اداروں کی مدد کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس امداد کا مقصد ایجنسی کو سماجی، تعلیمی، طبی اور انسانی خدمات جاری رکھنے میں مدد دینا ہے، خاص طور پر موجودہ مشکل حالات میں فلسطینی پناہ گزینوں کی تکالیف کم کرنا ہے۔
یو این آر ڈبلیو اے کے قائم مقام کمشنر جنرل کرسچن ساونڈرز نے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امداد فلسطینی پناہ گزینوں کی خدمت کے لیے ادارے کے اہم پروگراموں کو جاری رکھنے میں مدد فراہم کرے گی۔



